news

سندھ میں 12 لاکھ کیوسک سیلابی ریلہ برداشت کرنے کی صلاحیت موجود ہے

Published

on

کراچی: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) سندھ کے ڈائریکٹر جنرل سلمان شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے مکمل تیاری ہے، اور صوبہ 12 لاکھ کیوسک تک کا سیلابی ریلا برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے حفاظتی بند نہ صرف مضبوط بلکہ اونچے بھی ہیں، اور سکھر سے کوٹری تک دریائے سندھ کا پھیلاؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے سیلابی اثرات کم محسوس ہوتے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ اگرچہ پنجاب کی نسبت سندھ میں سیلاب کی شدت کم ہوگی، تاہم کچے کے علاقے میں سات لاکھ کیوسک کا ریلا آنے سے وہاں کا بیشتر حصہ زیرِ آب آ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں اتنا پانی ضرور آئے گا جو کچے کے علاقے کو متاثر کرے گا، لیکن امید ہے کہ دریاؤں میں سیلابی ریلوں کی شدت میں کمی سے مجموعی صورتحال قابو میں رہے گی۔

اس حوالے سے سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن نصیرآباد، غلام سرور بنگلزئی نے بتایا کہ اس وقت دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر تین لاکھ 70 ہزار کیوسک اور سکھر بیراج سے تین لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، جب کہ آئندہ دنوں میں گڈو پر 6 سے 7 لاکھ کیوسک تک کا ریلا بھی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے، اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر زمینی سطح پر اقدامات جاری ہیں۔ صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی، سیکریٹری ایریگیشن صالح محمد ناصر، اور چیف انجینئر کینالز ناصر مجید بھی نصیرآباد اور سکھر بیراج کا دورہ کر چکے ہیں تاکہ صورتحال کا خود جائزہ لے سکیں۔

محکمہ ایریگیشن کے عملے کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے چوبیس گھنٹے مستعد رہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version