news

وفاق کا سندھ میں نئی موٹرویز بنانے کا فیصلہ، ایم 6 اور ایم 10 منصوبے منظور

Published

on

کراچی: وفاقی حکومت نے صوبہ سندھ میں دو بڑی موٹروے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جن میں حیدرآباد تا سکھر ایم 6 موٹروے اور کراچی تا حیدرآباد نئی ایم 10 موٹروے شامل ہیں۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر مواصلات علیم خان نے وفد کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی، جس میں جاری اور مجوزہ موٹروے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے ایم 6 موٹروے کے حوالے سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد تا سکھر سیکشن کو کافی عرصے سے نظر انداز کیا جا رہا تھا، تاہم اب وفاق کی جانب سے اس منصوبے کی منظوری قابل تحسین ہے۔ علیم خان نے آگاہ کیا کہ ایم 6 موٹروے 363 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی، جس کی نگرانی نیشنل ہائی وے اتھارٹی کرے گی۔ منصوبے کو 4 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے: نوشہرو فیروز تا رانی پور، رانی پور تا سکھر، حیدرآباد تا ٹنڈو آدم، اور ٹنڈو آدم تا نواب شاہ۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مطالبہ کیا کہ ایم 6 پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے تاکہ عوام کو آمدورفت میں سہولت اور بندرگاہی ٹریفک کو روانی حاصل ہو۔

اسی موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ کراچی تا حیدرآباد کے درمیان ایک نئی موٹروے “ایم 10” تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ موٹروے 168 کلومیٹر طویل، 6 لینز پر مشتمل ہوگی اور اس میں 10 انٹرچینجز شامل ہوں گے۔ منصوبے کا سروے شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں صرف سپر ہائی وے کو چوڑا کرکے موٹروے کا نام دے دیا گیا تھا، لیکن اب ایک علیحدہ اور باقاعدہ موٹروے کی تعمیر کا فیصلہ قابل تعریف ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version