news

سلمان اکرم راجہ، کالاباغ ڈیم اور صدارتی نظام علی امین کی ذاتی رائے

Published

on

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم اور صدارتی نظام سے متعلق علی امین گنڈا پور کے بیانات ان کی ذاتی رائے ہو سکتے ہیں، یہ پارٹی کی سرکاری پالیسی نہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کالاباغ ڈیم سے متعلق پالیسی واضح ہے، کیونکہ سندھ اور خیبر پختونخوا کے اس منصوبے پر سنجیدہ تحفظات ہیں، اور جب تک تمام فریقین باہمی رضامندی سے کسی نتیجے پر نہ پہنچیں، ایسا منصوبہ وفاق کے لیے سودمند نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی عدلیہ کی آزادی، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد میں مصروف ہے، ایسے میں صدارتی نظام کی بات پی ٹی آئی کی پالیسی نہیں ہو سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر علی امین گنڈا پور نے واقعی صدارتی نظام سے متعلق بیان دیا ہے تو وہ ان سے اس بارے میں ضرور بات کریں گے۔

سلمان اکرم راجہ نے پی ٹی آئی کی پارلیمان سے متعلق رائے دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ پارلیمان آئینی ترمیم کا اختیار نہیں رکھتی کیونکہ یہ فارم 47 کی پیداوار ہے۔ پارلیمانی نظام کے بجائے صدارتی نظام رائج کرنے کی کوششیں کسی صورت قابل قبول نہیں اور پارٹی اس کی مخالفت کرتی رہے گی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنائے جا رہے ہیں جن کا کوئی ثبوت موجود نہیں، اس کے باوجود سزائیں دی جا رہی ہیں اور مقدمات کو التوا میں رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ لفظ “امید” استعمال نہیں کرتے، تاہم عدلیہ کی مجبوری کے باعث کئی بار ریلیف مل جاتا ہے۔

سیلاب متاثرین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پر لاہور میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی ایک میٹنگ بلائی گئی جس میں انہیں پیغام دیا گیا کہ ہر رکن اپنی جیب سے سیلاب زدگان کی مدد کرے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وہ خود سیالکوٹ اور سمبڑیال گئے اور وہاں ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کی، جب کہ پی ٹی آئی کے کارکن ہر ممکن مقام پر متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔

قبل ازیں، انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق دو مقدمات کی سماعت ہونا تھی، تاہم جج کی رخصت کے باعث سماعت نہ ہو سکی۔ عدالت نے سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت میں 23 ستمبر تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر تھانہ صدر حسن ابدال کے تفتیشی افسران سے ریکارڈ طلب کر لیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version