news
پاکستان کو رواں مالی سال میں عالمی بینک سے 2 ارب ڈالر سے زائد قرض ملے گا
اسلام آباد: عالمی بینک رواں مالی سال 2025-26 میں پاکستان کو مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 2 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا قرض فراہم کرے گا۔ اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق یہ رقم انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (IDA) اور انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ (IBRD) کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں عالمی بینک کی مالی معاونت سے 16.6 ارب ڈالر مالیت کے 57 منصوبے جاری ہیں جن کا تعلق زراعت، پانی، توانائی، مالیات، محصولات، مواصلات، دیہی و شہری ترقی، انسانی وسائل، سماجی خدمات اور گورننس جیسے شعبوں سے ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق، گزشتہ سات سالوں کے دوران عالمی بینک نے پاکستان کو مجموعی طور پر 11 ارب 84 کروڑ ڈالر قرض دیا، جس میں سب سے زیادہ رقم، یعنی 1.96 ارب ڈالر، توانائی کے شعبے کے لیے فراہم کی گئی۔ مالی سال 2024-25 میں پاکستان کو 1.80 ارب ڈالر، 2023-24 میں 2.24 ارب ڈالر، 2022-23 میں 2.12 ارب ڈالر، 2021-22 میں 1.59 ارب ڈالر، جبکہ 2020-21 میں 2 ارب ڈالر دیے گئے تھے۔ اس سے پہلے مالی سال 2019-20 میں پاکستان کو 1.37 ارب ڈالر کا قرض ملا تھا۔
حکام کے مطابق، آئندہ برسوں میں بھی عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے مزید 8.6 ارب ڈالر تک قرضہ فراہم کیے جانے کا امکان ہے، جس سے ملک میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، معیشت کی بہتری اور سماجی بہبود کے پروگراموں کو مزید تقویت ملے گی۔