news
سامعہ حجاب کا حسن زاہد سے منگنی کا اعتراف اور اغوا کیس پر وضاحت
ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے حالیہ بیان میں انکشاف کیا ہے کہ ان کی حسن زاہد سے منگنی ہوئی تھی، تاہم منگنی کے بعد حسن کے رویے اور شخصیت کو جان کر انہوں نے رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیوز اور اسٹوریز میں سامعہ حجاب نے واضح کیا کہ وہ پہلے ہی شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، اور کسی بھی فیصلے سے پہلے عوام کو حقائق جانے بغیر فیصلہ دینے سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ 17 جون کی جو ویڈیو گردش میں ہے، وہ اس وقت کی ہے جب دونوں کے درمیان تعلقات خراب ہو چکے تھے۔ سامعہ نے مزید کہا کہ جس لڑکی کو کل تک عزت کا مقام دیا جا رہا تھا، آج اسی پر کردار کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے حسن زاہد سے پیسے یا تحائف لینے کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ منگنی کے وقت صرف ایک سونے کی انگوٹھی ملی، اس کے علاوہ حسن نے کچھ نہیں دیا۔ الٹا اس پر چوری کے الزامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ ثناء یوسف کی طرح قتل ہو جاتیں تو آج سب ہمدردی کرتے، مگر چونکہ وہ زندہ ہیں اس لیے ہر الزام کا جواب دینا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی لڑکی کو چاہے وہ نکاح میں ہی کیوں نہ ہو، اغوا کرنے یا تشدد کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ سامعہ نے کہا کہ حسن زاہد نے نہ صرف انہیں اغوا کیا بلکہ ان کا فون بھی چرا لیا اور ان کی بیمار ماں کو تکلیف دی۔
آخر میں سامعہ حجاب نے اپیل کی کہ اگر کوئی ان کے ساتھ کھڑا نہیں ہو سکتا، تو کم از کم ان کے خلاف محاذ بھی نہ بنائے۔