news
سامعہ حجاب کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار
اسلام آباد میں معروف ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو ہراساں اور اغوا کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ یہ کارروائی تھانہ شالیمار کی حدود میں عمل میں لائی گئی، جہاں سامعہ حجاب کی درخواست پر واقعے کی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ خاتون کے مطابق، ملزم کئی دنوں سے اُن کا پیچھا کر رہا تھا اور 31 اگست کی شام ساڑھے چھ بجے اُس نے خاتون کو زبردستی اغوا کرنے کی کوشش کی۔ سامعہ کی بروقت مزاحمت اور شہریوں کی مداخلت کے باعث ملزم اپنی کوشش میں ناکام رہا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا، تاہم تاحال اُس کی شناخت اور تصویر جاری نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش مکمل ہوچکی ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ سامعہ حجاب نے اس واقعے کی تفصیلات سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں، جس پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا اور ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔