news

شاہد خاقان عباسی: اچکزئی اور ناصر عباس کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی

Published

on

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کی بطور اپوزیشن لیڈرز نامزدگی ایک درست سیاسی فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ “عمران خان نے شاید جیل سے یہ پہلا صحیح فیصلہ کیا ہے۔”

نجی نیوز چینل اے بی این کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کی سیاست سے اختلاف کیا جا سکتا ہے، لیکن وہ ہمیشہ آئین اور اصولوں کی سیاست کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا:

“میں ان سے سو اختلاف کرسکتا ہوں لیکن 35 سال سے میں دیکھ رہا ہوں کہ محمود خان اچکزئی صرف آئین کی بات کرتے ہیں۔”

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ عمومی طور پر اسمبلیوں سے استعفوں کے خلاف ہوتے ہیں، کیونکہ منتخب نمائندوں کو پارلیمان کا حصہ رہنا چاہیے۔ لیکن انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں جب پارلیمنٹ عوام کی نمائندگی نہیں کرتی، تو ایسی اسمبلی میں بیٹھنا صرف بوجھ ہے۔

“بہتر ہے کہ نہ بیٹھا جائے تاکہ جو خرابیاں پیدا ہو رہی ہیں ان کا حصہ نہ بنا جائے۔”

سابق وزیراعظم نے زور دیا کہ حالیہ ایک سروے میں 82 فیصد عوام نے موجودہ انتخابی نظام پر عدم اعتماد کا اظہار کیا، اور اسے غیر شفاف، غیر قانونی اور مسائل کے حل سے نابلد قرار دیا۔ ان کے مطابق،

“عوام کی اس رائے کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا۔ ضمنی انتخابات مصنوعی طریقے سے پیدا کیے جا رہے ہیں، جس کے پیچھے کی کہانی اب دیکھے بغیر ہی سب سمجھ آتی ہے۔”

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ موجودہ پارلیمانی نظام نہ صرف عوامی اعتماد سے محروم ہے بلکہ اس سے جڑے انتخابی ڈرامے ماضی کی تکرار ہیں، جن سے عوام اچھی طرح واقف ہو چکے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version