news
نالہ لئی میں طغیانی، راولپنڈی میں ہنگامی صورتحال؛ آبادی کو فوری انخلا کا حکم
راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کے بعد نالہ لئی ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے متاثرہ آبادی کو فوری انخلا کا حکم دے دیا ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 19.5 فٹ سے تجاوز کر گئی، جس کے باعث ہنگامی سائرن بجا دیے گئے اور مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔ گوال منڈی میں بھی پانی کی سطح 14 فٹ سے اوپر جا چکی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اسلام آباد کے ایچ ایٹ سیکٹر میں 98 ملی میٹر، گولڑہ میں 76، سیدپور میں 45 اور بوکرا میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی کے نیو کٹاریاں میں 63 ملی میٹر، پیر ودھائی میں 42 اور شمس آباد میں 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
واسا راولپنڈی نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور ٹیموں کو نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ بارش کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے جا چکے ہیں۔
ادھر اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش کے بعد صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔ بھارہ کہو میں ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، جبکہ سیکٹر جی 11 کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ میٹرو بس روٹ بھی زیرآب آ گیا ہے، اور جی ایٹ، بنی گالہ اور سری نگر ہائی وے سمیت کئی اہم شاہراہیں بارش کے پانی میں ڈوب گئی ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔