news
افغانستان زلزلہ: کنڑ میں 800 سے زائد ہلاکتیں، امدادی کارروائیاں جاری
افغانستان کے صوبہ کنڑ میں آنے والے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 800 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ درجنوں گاؤں مکمل طور پر ملبے تلے دب گئے۔ افغانستان زلزلہ کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز جلال آباد شہر کے قریب 8 کلومیٹر زیرِ زمین تھا۔ افغانستان زلزلہ کے بعد مزید پانچ آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے جن کی شدت 4.3 سے 5.2 تک رہی۔ سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان نورگل، سواکئی، واٹاپور، منوگی اور چپہ درہ کے اضلاع میں ہوا، جہاں کئی خاندانوں کے پورے کے پورے مکانات زمین بوس ہوگئے۔ وزارت دفاع، داخلہ اور صحت کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے زخمیوں کو ننگرہار ریجنل اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ زلزلے کے جھٹکے ننگرہار، لغمان، کابل اور پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل اکتوبر 2023 میں صوبہ ہرات میں آنے والے مہلک زلزلوں میں بھی ہزاروں افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔