news
پاکستان اور چین کا مالیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
بیجنگ: پاکستان اور چین نے مالیاتی شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے اور حکومت اصلاحاتی عمل کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر خزانہ نے ہونگتا سیکورٹیز کے چیئرمین جِنگ فینگ سے ملاقات میں پاکستان کی حالیہ معاشی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیز کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے جس کا ثبوت موڈیز، فچ اور ایس اینڈ پی کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور چین فریقین نے کیپیٹل مارکیٹس میں تعاون بڑھانے اور مالیاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانے کے ساتھ چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری کو خصوصی اہمیت دیتا ہے تاکہ معاشی استحکام اور مالی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے۔