news
شہزادی شیخہ مہرہ اور ریپر فرنچ مونٹانا کی منگنی کی تصدیق
دبئی کی معروف شہزادی شیخہ مہرہ اور مشہور مراکشی نژاد امریکی ریپر فرنچ مونٹانا نے بالآخر اپنی منگنی کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ اعلان پیرس فیشن ویک کے دوران سامنے آیا، جہاں دونوں کو قریبی دوستوں اور خاندان کے ہمراہ خوشی مناتے ہوئے دیکھا گیا۔شہزادی شیخہ مہرہ ، دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی بیٹی ہیں اور حالیہ برسوں میں کاروباری دنیا میں بھی قدم رکھ چکی ہیں، جہاں انہوں نے ’مہرا M1‘ کے نام سے پرفیومز کا برانڈ متعارف کروایا۔
یاد رہے کہ شیخہ مہرہ نے 2024 میں شیخ مانا بن محمد المکتوم سے طلاق لی تھی، جس کے بعد ان کی ایک بیٹی بھی پیدا ہوئی۔ طلاق کے دو ماہ بعد انہیں فرنچ مونٹانا کے ساتھ مختلف مواقع پر دیکھا گیا، جس سے ان کے درمیان رشتے کی افواہیں زور پکڑنے لگیں۔ اب یہ افواہیں حقیقت کا روپ دھار چکی ہیں۔ ریپر فرنچ مونٹانا، جو اپنے ہٹ گانوں اور فلاحی سرگرمیوں کے لیے مشہور ہیں، نے پچھلے کچھ مہینوں میں متعدد بار دبئی کا دورہ بھی کیا۔
منگنی کی تقریب پیرس میں ایک فیشن شو کے بعد منعقد ہوئی، جہاں فرنچ مونٹانا نے باقاعدہ پرپوز کیا۔ دونوں خاندانوں کی جانب سے منگنی کی بھرپور حمایت کی جا رہی ہے، تاہم ابھی شادی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ یہ جوڑی عالمی میڈیا میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور ان کے اس تعلق کو عوامی سطح پر کافی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔