news

دریائے راوی کا سیلابی پانی پارک ویو سمیت لاہور کے کئی علاقوں میں داخل

Published

on

لاہور میں دریائے راوی کی سیلابی صورتحال سنگین ہو گئی ہے اور مختلف علاقوں میں پانی داخل ہونے کے بعد ہنگامی اعلانات جاری کر دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، دریائے راوی کا پانی پارک ویو ہاؤسنگ سوسائٹی میں داخل ہو گیا ہے۔ سوسائٹی انتظامیہ کی جانب سے بنائے گئے حفاظتی بند سیلابی دباؤ کے باعث ٹوٹ گئے، جس کے بعد پانی نے رہائشی علاقوں کا رخ کر لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، لاہور کے شاہدرہ، ٹھوکر نیاز بیگ، موہنوال، چوہنگ، بادامی باغ، منظور گارڈن، برکت کالونی اور مانوال کے علاقوں میں بھی سیلابی پانی داخل ہو چکا ہے۔ چوہنگ میں دریائی بند ٹوٹنے سے ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی شدید متاثر ہوئی ہے، جہاں سے شہریوں کے انخلاء کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

شاہدرہ کی نشیبی آبادیاں، خصوصاً عزیز کالونی اور فرخ آباد، سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں، جہاں کئی فٹ پانی گھروں کی نچلی منزلوں میں جمع ہو چکا ہے۔ اگرچہ انتظامیہ نے پہلے ہی علاقے خالی کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں، مگر بعض مکینوں نے ان پر عمل نہیں کیا، اب حالات سنگین ہونے پر انخلاء کر رہے ہیں۔

دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جو اب ایک لاکھ 60 ہزار کیوسک کے قریب پہنچ چکا ہے، جبکہ دریا کی گنجائش 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے۔ کمشنر لاہور اور دیگر ضلعی افسران کے مطابق، صورت حال تاحال قابو میں ہے اور تمام محکمے ہائی الرٹ پر ہیں۔

ادھر جسڑ کے مقام پر سیلاب کا زور قدرے کم ہوا ہے اور پانی کا بہاؤ کم ہو کر ایک لاکھ 52 ہزار کیوسک پر آ گیا ہے، تاہم لاہور کے دیگر نشیبی علاقوں میں خطرہ تاحال برقرار ہے۔ انتظامیہ شہریوں سے اپیل کر رہی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور ہدایات پر فوری عمل کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version