news
سندھ حکومت کی سیلاب سے نمٹنے کی تیاری مکمل
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے میں اس وقت کوئی ہنگامی صورتحال نہیں ہے، لیکن ملک میں جاری سیلابی حالات کے پیش نظر سندھ حکومت نے تمام تر تیاری مکمل کر لی ہے۔ کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متعلقہ تمام انتظامیہ کو الرٹ کر دیا ہے اور ضرورت پڑنے پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کر لیے ہیں۔ پنجاب میں آنے والی حالیہ سیلابی تباہ کاریوں پر اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، اور ہم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور صوبائی وزرا سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ وزیر آبپاشی جام خان شورو دریائے سندھ کے اطراف متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں، جبکہ کچے کے علاقوں سے لوگوں کے انخلا کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
شرجیل میمن نے نشاندہی کی کہ اگرچہ ملک میں ڈیمز کی کمی کا ذکر کیا جاتا ہے، لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ لوگوں نے دریاؤں کے قدرتی راستوں میں ہاؤسنگ سوسائٹیاں اور مکانات بنا رکھے ہیں، جو سیلابی تباہی کا باعث بنتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں فی الحال ایمرجنسی نافذ نہیں کی گئی، تاہم وزیر اعلیٰ نے صورتحال کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی سیل قائم کر دیا ہے، اور پی ڈی ایم اے ہر ممکن حفاظتی اقدامات میں مصروف ہے۔