news

مریم نواز: حکومتی غفلت سے کوئی جان ضائع نہیں ہوئی

Published

on

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال میں انتظامی غفلت سے کوئی جان ضائع نہیں ہوئی، اگر بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو جانی نقصان زیادہ ہوتا۔ وہ شاہدرہ کے مقام پر دریائے راوی میں کشتی کے ذریعے سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے پہنچیں جہاں حکام نے انہیں تازہ ترین بریفنگ دی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ دریاؤں پر شدید دباؤ ہے اور اپنی زندگی میں پہلی بار انہوں نے راوی میں اتنا پانی دیکھا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب کی انتظامیہ نے 50 ہزار افراد کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے اور متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نارووال مکمل طور پر ڈوبا ہوا ہے جبکہ گجرات اور سیالکوٹ میں بھی بری صورتحال ہے، تاہم ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے بھرپور تعاون کیا جس پر وہ انہیں شاباش دیتی ہیں۔ مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو پانی ذخیرہ کرنے کے لیے نئے ڈیمز اور انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے تاکہ بارش اور سیلابی پانی کو محفوظ بنایا جا سکے، اسی مقصد کے لیے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کا جامع منصوبہ تیار کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version