news
پنجاب میں سیلاب، دریائے راوی اور دیگر دریاؤں میں پانی کی سطح بلند
پنجاب میں حالیہ بارشوں کے بعد دریائے راوی سمیت مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی ہے، جس کے باعث متعدد علاقے سیلاب کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ پنجاب پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر ایک لاکھ 80 ہزار کیوسک پانی بہہ رہا ہے جو بڑھ کر دو لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ قصور میں پانی کا بہاؤ دو لاکھ 63 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ شکرگڑھ میں بھیکو چک کے مقام پر حفاظتی بند ٹوٹنے سے کئی دیہات زیرآب آگئے اور 500 سے زائد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ہیڈ قادر آباد پر پانی کا دباؤ بڑھنے سے بند ٹوٹنے کا خدشہ ہے، جس سے حافظ آباد اور چنیوٹ متاثر ہوسکتے ہیں۔ لودھراں، چنیوٹ اور وزیر آباد کے کئی علاقے بھی خطرے کی زد میں ہیں جبکہ منڈی بہاؤالدین اور گوجرانوالہ میں کھڑی فصلیں سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئی ہیں۔ انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں اور متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔