news
گورنر پنجاب، ڈیمز نہ بنانا ہماری نالائقی ہے
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ملک میں ڈیمز نہ بنانا ہماری “نالائقی” ہے، جس کا خمیازہ آج مہنگی بجلی اور تباہ کن سیلابوں کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر بروقت ڈیمز بنائے جاتے تو سیلاب کی یہ صورتحال نہ ہوتی اور ملک کو سستی بجلی بھی میسر آتی۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ ڈیمز پر کام شروع ہوا ہے اور مزید چھوٹے ڈیمز بھی زیر تعمیر ہیں، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ ڈیمز کے لیے ایمرجنسی نافذ کی جائے اور ہر سمت سے بجٹ کاٹ کر صرف ڈیمز پر خرچ کیا جائے۔
گورنر نے سیلابی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں خطرناک حد تک پانی آیا ہے، جو گزشتہ 30 سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے الرٹ ہیں اور مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں تاکہ عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔
ادھر دریائے راوی میں آنے والے سیلاب کے باعث لاہور کے تھیم پارک، چوہنگ سمیت کئی رہائشی علاقوں میں پانی داخل ہو چکا ہے، جہاں ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر 2500 گھروں کو خالی کروایا۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ کے مطابق متاثرہ آبادیوں سے انخلا مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے وزیراعظم کو دریاؤں میں طغیانی، متاثرہ علاقوں اور جاری ریسکیو آپریشن پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیلاب سے بچاؤ اور ریلیف اقدامات میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، اور تمام ادارے مربوط انداز میں عوامی تحفظ کو یقینی بنائیں