news
پنجاب میں دریاؤں میں سیلاب: 7 افراد جاں بحق، ہزاروں متاثر
بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑے جانے کے بعد صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں دریائے راوی، چناب اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب آگیا ہے جس کے نتیجے میں گوجرانوالہ ڈویژن میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے جبکہ جسڑ اور بلوکی کے مقامات پر بھی اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے۔
دریائے چناب پنجاب میں قادر آباد کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 9 لاکھ 1 ہزار 500 کیوسک تک پہنچا، تاہم اب اس میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ اسی طرح خانکی کے مقام پر بھی پانی کا بہاؤ کم ہو رہا ہے، جو اس وقت 7 لاکھ 22 ہزار کیوسک تک ہے۔
ادھر دریائے ستلج میں بھی پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ ہیڈسلیمانکی پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں پانی کی آمد 1 لاکھ 9 ہزار 305 کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔ بہاولنگر میں دریا کے کنارے واقع مواضعات اور بستیاں زیر آب آ گئی ہیں، متعدد عارضی بند اور رابطہ سڑکیں ٹوٹ چکی ہیں، اور ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔
ریسکیو اداروں کے مطابق اب تک 2 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے 18 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں۔
دریائے چناب میں کوٹ مومن کے علاقے میں 6 لاکھ کیوسک کا ریلا داخل ہوچکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا کے مطابق 2500 افراد اور 1700 مویشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ سیلاب گزرنے کے بعد بحالی کا عمل اور نقصانات کی تفصیلات اکھٹی کی جائیں گی