news
لاہور: 30 روپے کے جھگڑے پر قتل کے ملزمان ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
لاہور میں معمولی مالی تنازعے نے دو انسانی جانوں کا اندوہناک نقصان کر ڈالا، اور اب اسی مقدمے میں گرفتار دو مرکزی ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) چوہنگ کی پولیس نے اویس اور شہزاد نامی ملزمان کو ان کی نشاندہی پر رائیونڈ میں ایک مقام پر لے جا کر چھاپہ مارا، جہاں ان کے ساتھیوں نے اچانک پولیس پر حملہ کر دیا تاکہ ملزمان کو چھڑایا جا سکے۔ حملے کے دوران فائرنگ کی زد میں آ کر دونوں زیر حراست ملزمان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ حملہ توقیر نامی ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ کیا، جو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے فوری طور پر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
چند روز قبل یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لاہور روڈ پر پھل خریدنے کے دوران واجد اور راشد نامی دو بھائیوں اور ایک پھل فروش کے درمیان 130 روپے کی رقم پر تکرار ہوگئی۔ خریداروں کے پاس 100 روپے اور 5 ہزار کا نوٹ تھا، جس پر بقایا 30 روپے کی ادائیگی پر بحث چھڑ گئی۔ جھگڑا شدت اختیار کر گیا تو پھل فروش نے اپنے ساتھیوں کو فون کر کے بلا لیا، جو قریب ہی کرکٹ کھیل رہے تھے۔ موقع پر پہنچ کر ان افراد نے کرکٹ بیٹ سے دونوں بھائیوں پر بہیمانہ تشدد کیا، جس کے نتیجے میں راشد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ واجد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت درج کر لیا تھا، اور اب دو اہم ملزمان اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں