news

ڈی جی آئی ایس پی آر، پاک فوج کی سیلاب متاثرین کیلئے ریسکیو و ریلیف سرگرمیاں جاری

Published

on


پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ جنگ ہو یا امن، پاک فوج ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور وزیرِ اعظم و آرمی چیف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں فلڈ یونٹس کام کر رہے ہیں جن میں ایک انجینئر بریگیڈ، 19 انفنٹری اور 7 انجینئرنگ یونٹس شامل ہیں، جبکہ فوجی ہیلی کاپٹرز اب تک 26 پروازیں مکمل کر چکے ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے دوران 2 جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اب تک 28 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، 225 ٹن راشن تقسیم کیا گیا جبکہ 20 ہزار سے زائد متاثرین کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرتار پور میں بڑا ریسکیو آپریشن جاری ہے، 104 سڑکیں کلیئر کی جا چکی ہیں، صرف گوجرانوالہ میں 6 انفنٹری اور 2 انجینئرنگ یونٹس تعینات ہیں، جنہوں نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر 6 ہزار افراد کو نکالا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بہاولپور اور بہاولنگر میں یونٹس کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی میڈیکل بٹالین تعینات ہیں۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایئر ریلیف آپریشنز مکمل کیے گئے اور شاہراہِ قراقرم سمیت اہم شاہراہیں کھول دی گئی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ کوئی باطل قوت پاک فوج اور عوام کے درمیان دراڑ نہیں ڈال سکتی، فوج اپنے افسران اور جوانوں سمیت مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version