news
وزیراعظم شہباز شریف کے فوری اقدامات کے احکامات | پنجاب میں اربن فلڈنگ
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب میں بارشوں اور دریائے چناب، ستلج اور راوی پر ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم شہباز شریف کو حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت دی کہ گجرات، سیالکوٹ اور لاہور سمیت پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں ممکنہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ عوام کو بروقت انخلا اور محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ امدادی کارروائیوں کی مؤثر نگرانی بھی کی جائے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہری بروقت آگاہی حاصل کرسکیں۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے اب تک پانچ ہزار خیمے متاثرہ علاقوں کو فراہم کیے جاچکے ہیں اور دیگر ضروری امدادی سامان کی ترسیل بھی جاری ہے۔