news

پنجاب میں شدید سیلابی صورتحال

Published

on

پنجاب کے متعدد اضلاع میں دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے کے بعد شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جس کے پیشِ نظر لاہور، قصور اور سیالکوٹ میں پاک فوج کو امدادی کارروائیوں کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ دریائے چناب میں رسول نگر کے قریب بند میں شگاف پڑنے سے پانی تیزی سے قریبی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جبکہ مقامی افراد اور ضلعی انتظامیہ بند باندھنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ہیڈ خانکی روڈ پر پانی کے اوور فلو ہونے سے متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ کوٹ مومن میں دریائے چناب سے سات لاکھ کیوسک پانی گزرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس سے 41 دیہات متاثر ہو چکے ہیں۔

دریائے ستلج میں بھی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے اور ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر انخلاء کے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اسی طرح دریائے راوی میں بھی اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جس کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔

دریائے سندھ کے تونسہ بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے، جبکہ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب، راوی، ستلج اور دیگر ندی نالوں میں طغیانی کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ہیڈمرالہ پر چناب میں 7 لاکھ 69 ہزار کیوسک پانی کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر حکومت اور ریسکیو ادارے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version