news
پاکستان میں سیلابی خطرہ: ستلج، راوی اور چناب میں اونچے درجے کا فلڈ الرٹ
اسلام آباد: انڈس واٹر کمشنر نے بھارتی ہائی کمیشن کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر پاکستان میں بڑے سیلابی خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے فلڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کے مطابق دریائے ستلج میں ہیڈ ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ اسی طرح دریائے راوی میں مادھوپور زیریں اور دریائے چناب میں اکھنور کے مقام پر بھی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت دریائے راوی میں دو لاکھ کیوسک کا ریلا چھوڑ چکا ہے جس کے باعث دریائے راوی، چناب اور ستلج میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں پانی کی آمد 6 لاکھ 96 ہزار 534 کیوسک ہے۔ اسی طرح دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے اور پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزار 236 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ 12 گھنٹوں میں یہ بہاؤ بڑھ کر 2 لاکھ 80 ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے