news

بیرسٹر گوہر خان : استعفے، ضمنی انتخابات اور پارٹی پالیسی پر اہم بیان

Published

on

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینا ایک سنجیدہ معاملہ ہے اور اس پر قیاس آرائیاں نہیں ہونی چاہئیں۔ راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ سلمان اکرم راجہ کے استعفے کی خبر تو ملی ہے لیکن ان کا باضابطہ بیان ابھی سامنے نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پارٹی کے اندر کی باتیں اکثر باہر آ جاتی ہیں جس سے اختلافات کا تاثر پیدا ہوتا ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی نے واضح ہدایات دی ہیں کہ کوئی بھی لیڈر پبلک میں استعفیٰ یا ذاتی رائے پیش نہ کرے۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ سمیت کسی کو بھی پارٹی امور پر ٹوئٹر یا عوامی پلیٹ فارم پر بات نہیں کرنی چاہیے اور ان کے استعفے پر حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی شکوہ کیا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے روک دیا گیا ہے جبکہ وہ ہمیشہ مفاہمت پر زور دیتے ہیں۔

ضمنی انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں رائے ضرور موجود ہے لیکن فیصلہ بانی پی ٹی آئی کا ہی حتمی ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر بھی انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی اپنی نامزدگی پیش نہیں کی، اور اپوزیشن لیڈر کی نشست پر اسٹے لیا ہوا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت پی ٹی آئی کے کسی سطح پر مذاکرات نہیں ہو رہے اور یہ کہ علیمہ خان کا پارٹی معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی کے تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی خود کرتے ہیں۔

وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب نے دس اضلاع کو شدید متاثر کیا ہے لیکن وفاق کی جانب سے امداد انتہائی ناکافی رہی۔ ان کے مطابق وفاق نے صرف دو سو ٹینٹ، پانچ جنریٹر، پانچ ڈی واٹرنگ پمپ، پانچ سو کلو گرام ادویات، 14 سو خیمے اور 200 چیک فراہم کیے ہیں، جو متاثرین کی ضروریات کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version