news
ٹک ٹاک ایڈ ایوارڈز 2025: ریاض میں تخلیقی اشتہاری مہمات کا عالمی جشن
اسلام آباد: ٹک ٹاک نے اعلان کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ، ترکیہ، افریقہ، پاکستان اور جنوبی ایشیا (METAP) خطے کے لیے ٹک ٹاک ایڈ ایوارڈز 2025 دسمبر میں ریاض، سعودی عرب میں منعقد ہوں گے۔ یہ ایوارڈز اُن برانڈز اور ایجنسیوں کو خراجِ تحسین پیش کریں گے جنہوں نے ٹک ٹاک پر تخلیقی اور منفرد مہمات کے ذریعے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
گزشتہ سال کے کامیاب ایڈیشن کے بعد، اس مرتبہ بھی خطے کی سب سے متاثر کن مہمات کو نو مختلف کیٹیگریز میں پیش کیا جائے گا، جن میں کری ایٹو آئیڈیاز، کمیونٹی انگیجمنٹ، مکمل مارکیٹنگ اسٹریٹجی، برانڈنگ، نتائج پر مبنی کارکردگی، کم بجٹ میں تخلیقی اثر، اور بہترین ساؤنڈ کا استعمال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ لائیو ووٹنگ کے ذریعے “دی پیپلز چوائس” ایوارڈ بھی دیا جائے گا، جبکہ سب سے بڑا اعزاز “دی گریٹسٹ آف آل ٹائم (G.O.A.T)” اُس مہم کو دیا جائے گا جو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی دکھائے گی۔
ٹک ٹاک ایڈ ایوارڈز 2025 میں شرکت کے لیے درخواستیں 18 اگست سے شروع ہو چکی ہیں اور انہیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ اس میں پاکستان سمیت 15 سے زائد ممالک کے برانڈز اور ایجنسیاں حصہ لے سکیں گی، تاہم صرف وہی مہمات اہل ہوں گی جو یکم اکتوبر 2024 سے 31 اکتوبر 2025 کے دوران ٹک ٹاک پر چلائی گئی ہوں۔
ٹک ٹاک کے جنرل منیجر شادی قندیل نے کہا کہ “یہ ایوارڈز اشتہارات سے بڑھ کر ثقافتی لمحات تخلیق کرنے، خوشیاں بانٹنے اور ٹھوس کاروباری نتائج حاصل کرنے والی مہمات کو اجاگر کرتے ہیں۔ ہمیں METAP خطے سے پیش کی جانے والی نئی اور تخلیقی کاوشوں کا بے حد انتظار ہے۔”