news
پنجاب میں مون سون بارشیں: دریائے ستلج اور راوی میں اونچے درجے کا سیلاب
پنجاب میں مون سون بارشوں کے آٹھویں اسپیل کے نتیجے میں دریائے ستلج اور دریائے راوی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی ہے، جس کے باعث مختلف مقامات پر درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پنجاب پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور نشیبی علاقوں میں بسنے والے شہریوں کو فوری انخلاء کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ستلج ہیڈ سلیمانکی اور راوی کے جسڑ مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ شاہدرہ میں بھی سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نارووال میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ لاہور، قصور، گجرات اور مری سمیت مختلف شہروں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ماہرین نے 27 اگست تک مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ ڈیمز میں پانی بھرنے کی شرح بھی تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہریوں کو برساتی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے سختی سے منع کیا گیا ہے اور متاثرہ دیہات سے انخلاء کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔