news
پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو زرتاج گل کے خلاف کارروائی سے روک دیا
پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو مزید کارروائی سے روک دیا ہے۔ پشاور ہائی کورٹ جسٹس وقار احمد اور جسٹس اعجاز خان پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد نے زرتاج گل کو 10 سال قید کی سزا سنائی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے 5 اگست کو انہیں دیگر اراکین کے ساتھ نااہل قرار دیا۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار لاہور ہائی کورٹ کیوں نہیں گئے، جس پر وکیل نے بتایا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں عمر ایوب اور شبلی فراز کی بھی یہاں زیر سماعت ہیں۔ عدالت نے معاملہ دیگر درخواستوں کے ساتھ سننے کا فیصلہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے جواب طلب کیا اور سماعت ملتوی کر دی۔