news
بانی پی ٹی آئی کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف مقدمے کی درخواست
بانی پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ پنجاب اور مریم نواز سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے کیپیٹل پولیس آفیسر (سی پی او) کو درخواست دے دی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل تابش فاروق نے یہ درخواست کوریئر سروس کے ذریعے سی پی او آفس ارسال کی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بنیادی سہولتیں نہیں دی جارہیں، یہاں تک کہ ان کے سیل میں روشنی تک موجود نہیں۔ درخواست کے مطابق اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی اور یہ تمام اقدامات مریم نواز کی ایماء پر کیے گئے ہیں۔ متن میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز ماضی میں دھمکیاں دے چکی ہیں اور انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو “فتنہ” قرار دیا تھا۔ درخواست میں اے ایس پی زینب، ایس ایچ او اعزاز، سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت دیگر کو بھی فریق بنایا گیا ہے اور مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اہل خانہ کو ہراساں کرنے اور ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی۔ اس لیے مریم نواز اور دیگر آٹھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔