news
مایا تہذیب کی تباہی کی اصل وجہ دریافت
ماہرینِ آثارِ قدیمہ اور ماحولیاتی سائنسدانوں نے نئی تحقیقات میں انکشاف کیا ہے کہ مایا تہذیب (Maya Civilization) کے زوال کی سب سے بڑی وجہ شدید اور طویل قحط تھا، جس کے دوران تقریباً 13 سال تک بارش نہیں ہوئی۔ تحقیق کے مطابق 800 سے 1000 عیسوی کے دوران وسطی امریکا خصوصاً یوکاٹان کے علاقے میں مایا تہذیب اپنے عروج پر تھی، لیکن مسلسل خشک سالی نے اس عظیم تمدن کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ جھیلوں کی تلچھٹ، فوسلز اور آثار قدیمہ سے ملنے والے نمونے واضح کرتے ہیں کہ بارش نہ ہونے کے باعث زراعت برباد ہوئی، پانی کے ذخائر ختم ہو گئے اور بھوک و قحط نے معاشرتی انتشار اور خانہ جنگیوں کو جنم دیا۔ نتیجتاً وہ تہذیب جس نے فلکیاتی کیلنڈر، عظیم الشان اہرام اور شہر تعمیر کیے تھے، اچانک بکھر گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مایا تہذیب کا زوال اس بات کی مثال ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیاں کس طرح طاقتور تہذیبوں کو بھی ختم کر سکتی ہیں۔