news
امریکی محققین نے دماغی بڑھاپے کا نیا راز دریافت کرلیا
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، سان فرانسسکو کے امریکی محققین نے ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ FTL1 نامی پروٹین دماغی بڑھاپے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ چوہوں پر کیے گئے تجربات میں یہ پایا گیا کہ ہپوکیمپس (دماغ کا حصہ جو یادداشت اور سیکھنے سے منسلک ہے) میں FTL1 کی زیادہ مقدار دماغی خلیات کے رابطوں کو محدود کر دیتی ہے، جس کے نتیجے میں یادداشت اور سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ تاہم، جب FTL1 کی مقدار کم کی گئی تو عمر رسیدہ چوہوں کی دماغی کارکردگی حیران کن حد تک بہتر ہو گئی۔ ان کے نیورونز کے رابطے بحال ہوئے اور یادداشت کے ٹیسٹ میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ امریکی محققین کے مطابق یہ صرف بڑھاپے کو سست کرنے کا عمل نہیں بلکہ اس کے اثرات کو ریورس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تحقیق کرنے والے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ دریافت مستقبل میں نئی تھراپیز تیار کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، جو انسانی دماغی افعال کو بہتر بنانے کے امکانات پیدا کرے گی۔