news
این ایل سی کی تاریخی کامیابی، پاکستان سے تاجکستان تک پہلی تجارتی ترسیل
پاکستان کو دنیا سے تجارتی سطح پر جوڑنے کے مشن میں نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے اشتراک سے متحدہ عرب امارات سے تاجکستان تک سامان کی پہلی کھیپ کامیابی سے پہنچا دی گئی۔ 38 ٹن آٹو موبائل اسپیئر پارٹس پر مشتمل یہ کھیپ جبل علی پورٹ سے کراچی پہنچی، جس کے بعد دبئی سے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے تک صرف 16 دن میں ترسیل مکمل ہوئی۔ یہ کامیابی این ایل سی کے جدید لاجسٹکس نظام اور پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ ہے۔
این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ خلیجی ممالک کو وسطی ایشیائی ریاستوں سے جوڑنے کے لیے نئی راہداری فراہم کر رہی ہیں۔ سامان کی ترسیل اقوام متحدہ کے بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ نظام (TIR) کے تحت کی گئی، جس سے وسطی ایشیائی ممالک کو پاکستانی بندرگاہوں تک مختصر اور محفوظ راستہ میسر آیا۔ اس منصوبے کے ذریعے 100 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری بھی پاکستان میں لائی جا رہی ہے۔ این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کا یہ اشتراک نہ صرف پاکستان کے تجارتی کردار کو اجاگر کرتا ہے بلکہ علاقائی روابط کو بھی مضبوط بنانے میں اہم سنگِ میل ہے۔