news
کرپٹو ریزرو منصوبہ کامیاب، بلال بن ثاقب کی پیشگوئیاں درست ثابت
وزیر مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب کی 2018 میں کی گئی پیشگوئیاں درست ثابت ہو رہی ہیں، جن کے مطابق پاکستان نے کرپٹو مارکیٹ میں قدم جمانے کے لیے اہم اقدامات کیے۔ حال ہی میں پاکستان نے اپنا ’’بٹ کوائن اسٹریٹجک ریزرو‘‘ قائم کرلیا ہے، جو عالمی کرپٹو حکمت عملی میں ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام ملکی کرپٹو مارکیٹ کے لیے ایک بڑا سنگ میل ثابت ہوا ہے۔ بلال بن ثاقب کا کہنا ہے کہ پاکستان آج ایک چھپے ہوئے خزانے کی مانند ہے، جس کی حقیقی طاقت آنے والے وقت میں دنیا کے سامنے آئے گی۔ ان کے مطابق کرپٹو ڈپلومیسی نے پاکستان کو دنیا کے سامنے صرف وصول کنندہ نہیں بلکہ بلڈر کے طور پر متعارف کروایا ہے۔ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا کرپٹو ریزرو منصوبہ عالمی سطح پر تیزی سے پذیرائی حاصل کر رہا ہے اور یہ اقدام ملکی معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوسکتا ہے۔