news

پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان

Published

on

پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جس کے باعث اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ انتظامیہ نے تمام محکموں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے اضلاع میں ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے، جبکہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور ڈیرہ غازی خان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ گلگت بلتستان اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا اور نارووال میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے توی سے آنے والا پانی دریائے چناب میں داخل ہو کر گجرات، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ اور جھنگ کے علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے گجرات اور سیالکوٹ کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں متاثرین کے لیے بنیادی سہولیات اور ادویات دستیاب ہوں گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور موسمی حالات سے باخبر رہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version