news
علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ اور شاہ ریز گرفتار، 9 مئی کیس میں شواہد پیش
پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ اور شاہ ریز کو سکیورٹی اداروں نے 9 مئی 2023 کے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کرلیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ، جو حملے کے بعد لندن فرار ہوگئے تھے، 22 اگست 2025 کو پاکستان واپسی پر پولیس کی حراست میں آگئے۔ ان پر جلاؤ گھیراؤ، پولیس وین کو آگ لگانے اور اہلکاروں پر حملے میں ملوث ہونے کے الزامات عائد ہیں۔ دوسری جانب شاہ ریز کو بھی ٹھوس شواہد کی بنیاد پر 21 اگست 2025 کو گرفتار کیا گیا اور عدالت میں پیش کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں بھائی کئی ماہ سے روپوش رہ کر ریاست مخالف ڈیجیٹل مہم چلا رہے تھے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ویڈیو ریکارڈنگ اور جیو فینسنگ کے شواہد ان کی موقع پر موجودگی ثابت کرتے ہیں۔ سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ 9 مئی کا سانحہ سنگین غداری تھی اور اس میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق کڑی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔