news
گوگل کروم وی پی این ایکسٹینشن FreeVPN.One پر جاسوسی کا الزام
سیکیورٹی ماہرین نے گوگل کروم کے مقبول وی پی این ایکسٹینشن FreeVPN.One کے حوالے سے خطرناک انکشاف کیا ہے۔ گوگل کروم یہ ایکسٹینشن، جسے اب تک ایک لاکھ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے، بظاہر صارفین کو خفیہ طور پر ویب سائٹس براؤز کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، لیکن تحقیق کے مطابق یہ صارفین کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھ رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایکسٹینشن صارفین کی ہر دیکھی جانے والی ویب سائٹ کا اسکرین شاٹ لیتا ہے۔ اگرچہ اس میں ’اے آئی تھریٹ ڈیٹیکشن‘ نامی فیچر موجود ہے جو صارف کو آگاہ کرتا ہے کہ اسکرین شاٹ لیا جا رہا ہے، لیکن باقی حصے خاموشی سے حساس معلومات اکٹھی کرتے رہتے ہیں۔ ان اسکرین شاٹس میں ذاتی تصاویر، بینکنگ ڈیٹا، میڈیکل ریکارڈز اور دیگر نجی معلومات بھی شامل ہو سکتی ہیں۔ ڈیویلپرز کا دعویٰ ہے کہ اسکرین شاٹس صرف مشکوک ویب سائٹس سے لیے جاتے ہیں اور انہیں ذخیرہ نہیں کیا جاتا، تاہم ماہرین کے مطابق ان دعووں کی تصدیق کرنا ممکن نہیں۔