news
علیمہ خان کا ردعمل: بیٹوں کی گرفتاری عمران خان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اپنے بیٹوں کی گرفتاری پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ بچوں کو اغواء اور گرفتار کرکے ہمیں یا عمران خان کو دباؤ میں لے آئے گا تو یہ ان کی بھول ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پہلے بڑے بیٹے کو آٹھ روزہ ریمانڈ پر بھیجا گیا اور اب چھوٹے بیٹے کو بھی اغواء کرکے عدالت سے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، حالانکہ ان کا “جرم” صرف عمران خان کے بھانجے ہونا ہے۔ علیمہ خان نے کہا کہ اگر میری گرفتاری بھی کی گئی تو اصل میں یہ لوگ خود ہی دباؤ کا شکار ہو جائیں گے کیونکہ پہلے ہی ان کے درمیان اختلافات موجود ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شیر شاہ کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا، اس سے قبل ان کے بھائی شاہ ریز کو بھی گرفتار کرکے آٹھ روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔ دوسری طرف وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان کے بیٹوں کے کیسز جعلی نہیں ہیں، دونوں 9 مئی کو جناح ہاؤس میں موجود تھے، پولیس کو شواہد اکٹھے کرنے میں وقت لگا اور اگر شواہد نہ ملے تو عدالت سے ریلیف مل سکتا ہے۔