news
اسلام آباد عدالت نے صحافی خالد جمیل کو پیکا ایکٹ مقدمے سے ڈسچارج کر دیا
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے صحافی خالد جمیل کو پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے سے ڈسچارج کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا حکم دے دیا۔ خالد جمیل کو ایف آئی اے نے سیاچن اور کارگل سے متعلق ٹویٹ کے الزام میں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا تھا، جہاں ایف آئی اے نے ان کے موبائل کو اپنی تحویل میں ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے دو دن کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی۔ صحافی کے وکیل ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ٹویٹ کے درست یا غلط ہونے کا فیصلہ ٹرائل کورٹ نے کرنا ہے، پولیس ریمانڈ پر نہیں۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے خالد جمیل کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا۔ واضح رہے کہ خالد جمیل کو گزشتہ رات ایف آئی اے کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیم نے اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا، تاہم گرفتاری کی وجوہات پہلے بیان نہیں کی گئی تھیں۔