news
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا تربت کا دورہ
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج بلوچستان کے مسائل کے حل اور عوامی خوشحالی کے لیے ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے تربت کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر بلوچستان نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال، فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشنز، جاری ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی بلوچستان میں سماجی و اقتصادی بہتری کی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سول و عسکری اداروں کی مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عوام دوست پالیسیوں کے ذریعے ہی بلوچستان میں امن اور استحکام ممکن ہے۔ انہوں نے جوانوں سے ملاقات میں ان کے بلند حوصلے اور قومی خودمختاری کے دفاع کے عزم کو سراہا اور کہا کہ مشکل حالات کے باوجود امن قائم کرنے میں ان کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔