news
وزیراعظم شہباز شریف: دریاؤں میں غیرقانونی تعمیرات کیخلاف مہم کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں اور قدرتی پانی کی گزرگاہوں میں ہوٹلز اور دیگر تعمیرات نہیں ہونی چاہئیں اور اس سلسلے میں غیرقانونی تعمیرات روکنے کیلئے قومی سطح پر مہم چلائی جائے گی۔ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کو قومی فریضہ قرار دیا اور ہدایت کی کہ ریسکیو و امدادی کارروائیوں کے بعد بحالی کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔ انہوں نے وزارتِ آبی وسائل کو متاثرہ علاقوں میں واٹر سپلائی بحال کرنے کیلئے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ خطرے سے دوچار آبادیوں کو متوقع بارشوں اور گلیشیئر کے پھٹنے سے پیدا ہونے والے خدشات کے بارے میں بروقت آگاہ کیا جائے، جبکہ گلگت بلتستان میں ملبے سے بننے والی جھیل کی مسلسل نگرانی اور ممکنہ متاثرہ آبادی کے انخلاء کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر اجلاس کو جاری امدادی سرگرمیوں، دریاؤں کی صورتحال اور آئندہ بارشوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، جبکہ وفاقی وزراء اور این ڈی ایم اے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔