news
چیئرمین واپڈا کا مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ، بروقت تکمیل پر زور
چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد سعید نے خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر زیر تعمیر مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ممبر فنانس، ممبر واٹر، ممبر پاور سمیت پروجیکٹ ڈائریکٹر، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ چیئرمین واپڈا نے مین ڈیم، سپل وے، پاور ہاؤس اور ڈائی ورشن ٹنلز سمیت اہم سائٹس پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور بریفنگ لی۔ انہیں بتایا گیا کہ متعدد سائٹس پر بیک وقت کام جاری ہے اور مین ڈیم کی بھرائی کا عمل مئی 2025 میں شروع کیا جا چکا ہے۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لیے رفتار میں مزید تیزی لائی جائے اور اضافی وسائل استعمال کیے جائیں۔ مہمند ڈیم دنیا کا پانچواں بلند ترین سی ایف آر ڈی ڈیم ہے، جس کی تکمیل سے 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، مہمند اور چارسدہ میں 18 ہزار سے زائد ایکڑ نئی زمین زیر کاشت آئے گی جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ اراضی کی سیرابی میں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ ڈیم سے پشاور کو روزانہ 300 ملین گیلن پینے کا پانی بھی فراہم کیا جائے گا اور چارسدہ، پشاور و نوشہرہ کو سیلابی نقصانات سے محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔