news
گیارہواں این ایف سی ایوارڈ: کمیشن تشکیل، وزیرخزانہ چیئرمین مقرر
وزارت خزانہ نے گیارہواں این ایف سی ایوارڈ کے لیے کمیشن تشکیل دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق صدر پاکستان نے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کو کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔ اس کمیشن میں مجموعی طور پر 9 ممبران شامل ہوں گے جن میں چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ اور چاروں صوبوں سے ایک ایک ٹیکنوکریٹ شامل کیا گیا ہے۔
ٹیکنوکریٹ ممبران میں پنجاب سے ناصر محمود کھوسہ، سندھ سے اسد سعید، بلوچستان سے فرمان اللہ اور خیبرپختونخوا سے مشرف رسول شامل ہیں۔ جولائی 2020 میں تشکیل دیا گیا پرانا کمیشن تحلیل کرکے نیا کمیشن بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئےگیارہواں این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ کارکردگی سے مشروط کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لیے بھی خصوصی فنڈز مختص کرنے کی سفارش سامنے آئی ہے۔ سندھ حکومت نے مجوزہ منصوبے پر اعتراض کرتے ہوئے وفاق کی تجاویز کو مسترد کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کو گزشتہ مالی سال میں 7 ہزار 444 ارب روپے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رواں مالی سال خسارہ 6 ہزار 501 ارب روپے تک متوقع ہے۔ صرف قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے ہی 8 ہزار 207 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
نئے ایوارڈ میں صوبوں کو 57.5 فیصد حصہ دینے کے فارمولے پر نظرثانی کی تجویز ہے۔ تعلیم، صحت اور ماحولیات جیسے شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھانے والے صوبوں کو زیادہ فنڈز ملنے کا امکان ہے جبکہ دیامر بھاشا سمیت بڑے ڈیموں کے لیے بھی این ایف سی سے وسائل مختص کرنے پر غور کیا جا رہا ہے