news
عظمیٰ بخاری: 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کسی معافی کے مستحق نہیں
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کسی صورت معاف نہیں کیے جا سکتے، نہ ہی اس بغاوت کے کردار سیاست کے لبادے میں چھپ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نو مئی ایک ناکام بغاوت تھی جس کے تمام شواہد منظر عام پر آچکے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شہدا کے مجسمے جلا کر اور ریاستی اداروں پر حملے کر کے ملک کی خدمت نہیں بلکہ پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم ان واقعات کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں کا مکمل احتساب چاہتی ہے، اب انتقامی سیاست کا بہانہ بنا کر کوئی مظلوم نہیں بن سکتا۔ صوبائی وزیر کے مطابق مقبولیت تو فرعون اور شیطان کی بھی تھی لیکن وہ کبھی نیک ثابت نہیں ہو سکتے، اسی طرح نو مئی کے کرداروں کے تمام حربے ناکام ہو چکے ہیں اور اب انہیں اپنے اعمال کا حساب دینا ہوگا۔