news

گلگت بلتستان غذر: گلیشیئر پھٹنے سے سیلاب، متعدد دیہات متاثر، 50 افراد ریسکیو

Published

on

گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں گلیشیئر پھٹنے کے باعث ایک بار پھر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس سے متعدد دیہات زیر آب آگئے جبکہ راؤشن گاؤں کی پوری آبادی محصور ہو گئی۔ درجنوں افراد پھنس گئے جن میں سے 50 سے زائد کو ریسکیو آپریشن کے ذریعے بحفاظت نکال لیا گیا۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ کے مطابق سیلاب سے لوگوں کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دریائے غذر کا بہاؤ رک گیا ہے جس سے عطا آباد جھیل جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور گلگت شندور روڈ مکمل طور پر بند ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ لوگوں کو بروقت آگاہ کرنے کے باعث جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ وزیر داخلہ جی بی شمس لون نے کہا کہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہیلی کاپٹر طلب کیا گیا ہے تاکہ پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا سکے۔ ایف سی این اے کی جانب سے بھی ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ریسکیو 1122 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version