news

علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان کے مبینہ اغوا پر تحریک انصاف کا شدید ردعمل

Published

on

تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان کو ان کے دو کمسن بچوں کے سامنے زبردستی کمرے میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور مسلح افراد دروازے توڑ کر انہیں بیڈ روم سے اغوا کرکے لے گئے۔ ترجمان تحریک انصاف نے واقعے کو شرمناک اور بزدلانہ حرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین پر بھی بہیمانہ تشدد کیا گیا جبکہ یہ حکومتی دہشتگردی کی بدترین مثال ہے۔ پارٹی کے مطابق گزشتہ روز شاہریز خان کو اپنی اہلیہ کے ہمراہ لاہور ایئرپورٹ سے غیر قانونی طور پر آف لوڈ بھی کیا گیا تھا، حالانکہ ان کا کسی سیاسی سرگرمی سے تعلق نہیں، صرف عمران خان کی بہن کا بیٹا ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی نے الزام لگایا کہ یہ سب کچھ وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کے حکم پر ہو رہا ہے، بانی تحریک انصاف کو جھکانے میں ناکامی کے بعد اب ان کے اہل خانہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان نے چیف جسٹس سے فوری نوٹس لیتے ہوئے شاہریز خان کی بازیابی کا مطالبہ کیا اور خبردار کیا کہ اگر انہیں رہا نہ کیا گیا تو عوامی ردعمل کو روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔ دوسری جانب علیمہ خان نے بھی بیٹے کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے الزام لگایا کہ چار مسلح نقاب پوش ان کے گھر میں کچن کے راستے داخل ہوئے اور شاہریز خان کو اس وقت اغوا کرلیا جب وہ اپنی اہلیہ اور والد کے ساتھ بالائی منزل پر موجود تھے، اس دوران اہل خانہ کو ہراساں اور ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بھی دعویٰ کیا کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے علیمہ خان کے گھر پر دھاوا بولا اور ان کے صاحبزادے کو اغوا کرلیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version