news
علیمہ خان کے گھر پر مبینہ حملہ، بیٹے شاہریز خان کے اغوا کی اطلاعات
لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کے گھر پر نامعلوم افراد کے مبینہ حملے اور ان کے بیٹے شاہریز خان کے اغوا کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے مطابق سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے گھر پر دھاوا بولتے ہوئے اہل خانہ اور ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ شاہریز خان کو زبردستی ساتھ لے گئے۔ علیمہ خان نے بھی میڈیا سے گفتگو میں بیٹے کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چار مسلح نقاب پوش افراد کچن کے راستے گھر میں داخل ہوئے اور ان کے بیٹے کو اس کی اہلیہ اور والد کے سامنے اغوا کرلیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مسلح افراد نے نہ صرف اہل خانہ کو ہراساں کیا بلکہ گھر کے ملازمین پر بھی تشدد کیا۔ تحریک انصاف کے ترجمان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومتی دہشتگردی قرار دیا اور کہا کہ مسلح افراد نے دروازے توڑ کر شاہریز خان کو بیڈ روم سے اغوا کیا اور یہ سب کچھ کمسن بچوں کے سامنے کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق شاہریز خان کا کسی سیاسی سرگرمی سے تعلق نہیں، محض عمران خان کی بہن کا بیٹا ہونے کے باعث انہیں نشانہ بنایا گیا۔ پی ٹی آئی نے الزام لگایا کہ یہ کارروائی وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کے حکم پر کی گئی ہے اور چیف جسٹس سے فوری نوٹس لے کر شاہریز خان کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے، بصورت دیگر عوامی ردعمل کو روکنا ممکن نہیں ہوگا۔