news
سپریم کورٹ نے عمران خان کی نو مئی مقدمات میں ضمانت منظور کرلی
سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت منظور کرلی۔ سپریم کورٹ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ عمران خان کے خلاف زبانی اور الیکٹرانک شواہد موجود ہیں اور وہ تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے۔ تاہم چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیس کے میرٹس پر بات کرنے سے ٹرائل متاثر ہوسکتا ہے، عدالت صرف سازش کے الزامات کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔
پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کا مقدمہ دیگر ملزمان سے مختلف ہے اور ان کے خلاف تین گواہان کے بیانات بطور ثبوت موجود ہیں، لیکن عدالت نے کہا کہ شواہد ٹرائل کورٹ میں ثابت کیے جائیں گے۔ دورانِ سماعت جسٹس حسن اظہر رضوی نے پراسیکیوٹر پر سخت ریمارکس دیے کہ وہ بنیادی حقائق سے بھی لاعلم ہیں۔ عدالت نے آخرکار عمران خان کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ میرٹ پر رائے دینا اس مرحلے پر مناسب نہیں ہوگا۔