news
واشنگٹن ٹائمز: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’مردِ آہن‘ قرار
امریکہ کے معروف جریدے واشنگٹن ٹائمز نے پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’’مردِ آہن‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انتہائی مضبوط اعصاب کے مالک اور سخت فیصلے لینے کی بھرپور صلاحیت رکھنے والے پروفیشنل فوجی افسر ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر جنوبی ایشیاء میں صدر ٹرمپ کے نئے اسٹریٹجک پارٹنر بن سکتے ہیں کیونکہ امریکہ انہیں خطے کی سلامتی کے لیے سب سے بااثر شخصیت کے طور پر دیکھ رہا ہے۔
اخبار نے لکھا کہ فیلڈ مارشل سیاست اور خودنمائی سے دور رہتے ہیں، لیکن پاک بھارت کشیدگی کے دوران ان کی عوامی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ ان کی صلاحیتیں صدر ٹرمپ کے لیے انہیں ایک قدرتی اتحادی بناتی ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب بھارت سے تعلقات کشیدہ ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ صدر ٹرمپ نے مداخلت کرکے پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کرائی، جس پر پاکستان نے ان کا شکریہ ادا کیا جبکہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے ثالثی کو مسترد کر دیا۔
واشنگٹن ٹائمز نے مزید لکھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افغانستان اور ایران سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے فوجی حکمت عملی میں کلیدی کردار ادا کیا اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی کے حامی ہیں۔ پاک امریکہ تعلقات انسداد دہشت گردی کے حوالے سے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ پاکستان نے کابل ایئرپورٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرکے امریکہ کے حوالے کیا، جس پر صدر ٹرمپ نے پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بحال اور مضبوط بنانے کے لیے سرگرم ہے۔