news
عمران خان کی ضمانت کیس: نو مئی مقدمات میں سماعت کرنے والا بینچ تبدیل
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی نو مئی کے مقدمات میں ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا بینچ تبدیل کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جگہ اب جسٹس حسن اظہر رضوی کو شامل کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کے فوڈ پوائزننگ کا شکار ہونے کے باعث سماعت ملتوی کی تھی۔ اس موقع پر عدالت نے فریقین کو ہدایت کی تھی کہ تمام متعلقہ دستاویزات آج ہی جمع کرائیں تاکہ عدالت انہیں دیکھ سکے۔ عمران خان کی بہن علیمہ خان بھی اس دوران عدالت میں موجود تھیں تاہم عدالت نے ان کی بات کرنے کی استدعا مسترد کردی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ عدالت کو جمع کرائی گئی دستاویزات کا جائزہ لینے کے لیے وقت درکار ہے، لہٰذا کیس کی سماعت کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کی جاتی ہے۔