news
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں نور خان ایئر بیس پر نائب وزیرِاعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزارت خارجہ کے حکام اور اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کے اعلیٰ نمائندے بھی موجود تھے۔ پاکستانی ثقافتی روایات کے مطابق بچوں کے ایک گروپ نے قومی لباس میں چینی وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہا اور پھول پیش کیے۔ وانگ ژی یہ دورہ اسحاق ڈار کی دعوت پر کر رہے ہیں اور وہ اسلام آباد میں چھٹے پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شریک ہوں گے۔ مذاکرات میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وانگ ژی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا پولٹ بیورو کے رکن بھی ہیں اور اپنے قیام کے دوران پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔