news
یوٹیوب کا بڑا کارنامہ، نیٹ فلکس اور ڈزنی پلس کو پیچھے چھوڑ دیا
گوگل کے ذیلی ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے ٹی وی ویونگ ٹائم میں اپنے حریف پلیٹ فارمز نیٹ فلکس اور ڈزنی پلس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ نیلسن ڈیٹا کے مطابق امریکا میں مجموعی ٹیلی ویژن ویو ٹائم کا 12.5 فیصد حصہ صرف یوٹیوب کے پاس ہے، جو پہلی بار اسٹریمنگ کو کیبل اور براڈکاسٹ ٹی وی سے بڑا بنا رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں بڑی میڈیا کمپنیز اربوں ڈالر خرچ کر کے سبسکرائبرز کو متوجہ کرنے کے لیے معیاری مواد تیار کر رہی ہیں، وہیں یوٹیوب نے صارفین کی بنائی گئی ویڈیوز اور پوڈکاسٹس کی بدولت خاموشی کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی انٹرٹینمنٹ سلطنت قائم کر دی ہے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوٹیوب پر دیکھے جانے والی 49 فیصد ویڈیوز 11 منٹ یا اس سے زیادہ دورانیے کی ہیں، جبکہ ٹی وی پر مبنی یوٹیوب ویونگ سیشنز کا 60 فیصد حصہ آدھے گھنٹے یا اس سے زیادہ وقت پر مشتمل ہوتا ہے۔