news
بابر اعظم کو اے کیٹگری سے نکالنے پر طنزیہ ردعمل
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں اے کیٹگری کو ختم کرتے ہوئے بابر اعظم سمیت بڑے کھلاڑیوں کو بی کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے، جس پر سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر تنویر احمد نے طنزیہ ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر لکھا کہ “سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان اور اے کیٹگری ختم کردی گئی صرف کنگ کی وجہ سے، اس کو کہتے ہیں بابر اعظم پریشر، سلیکشن کمیٹی ڈر گئی”۔ تنویر احمد نے مزید کہا کہ اس وقت بابر اعظم کا سلیکشن کمیٹی پر اتنا دباؤ ہے کہ اگر وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیں تو پورے ملک میں شور مچ جائے گا۔ یاد رہے کہ اس بار کنٹریکٹ لسٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد 27 سے بڑھا کر 30 کردی گئی ہے اور 12 نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں احمد دانیال، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس، محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور سفیان مقیم شامل ہیں۔